بلوچستان میں دیسی ساختہ بم دھماکہ، میجر شہید، فورسز کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی : بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے مؤثر انٹیلی جنس مبنی آپریشنز اور کلیئرنس کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں متحرک فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع دی تھی، جہاں موجود دہشت گرد مقامی آبادی اور امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 18 اکتوبر 2026ء کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر بلا تاخیر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو انتہائی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحے، بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور علاقے کو پاک بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری تھا، اسی اثناء میں پیش قدمی کرنے والے دستے کو راستے میں نصب دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، اس دھماکے کے نتیجے میں اپنے دستے کی سامنے سے قیادت کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے میجر وجاہت وحید نے فرض کی اعلیٰ ترین مثال قائم کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع اور امن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں