راولپنڈی : آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور واضح کیا کہ پاک فوج امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا، دورے کے آغاز پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے کامیاب آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ فیلڈ مارشل کو بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پاک فوج اور سول انتظامیہ کے تعاون سے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی اقدامات میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آرمی صوبے میں دیرپا امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی، دورے کے دوران جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے انتہائی مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، بہترین آپریشنل تیاری اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم اور جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا اور قابلِ تحسین قرار دیا۔
فیلڈ مارشل کا دورۂ تربت، سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ




