بلاول کی قیادت میں کاروان بھٹو چل پڑا

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے پیپلز پارٹی کے حکومت مخالف ٹرین مارچ کا آغاز ہوگیا۔

کراچی سے لاڑکانہ کے لئے کاررواں بھٹو اسپیشل ٹرین میں روانہ ہوگیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینٹ اسٹیشن پہنچے تو بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوئے اور بلاول کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقے کو پارٹی پرچموں اور رہنماؤں کی تصاویر سے سجادیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا سیلاب ہمارے ساتھ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے شہادت قبول کی مگر یوٹرن نہیں لیا، آمر کے آگے سر نہیں جھکایا اور عوام کو دھوکا نہیں دیا، آج حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں، 4 اپریل کو قافلہ گڑھی خدابخش پہنچے گا۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری مارچ کے دوران 25 سے زائد مقامات پر خطاب کریں گے، اپنے پیسے دے کر ٹرین بک کرائی ہے، اگر وفاقی حکومت ٹرین مارچ میں مداخلت کرے گی تو نمٹ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں