امریکہ کو ڈاک کی ترسیل بند ہونے سے ملکی براۤمدات متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد : پاکستان سے امریکہ کو ڈاک کی ترسیل بند ہونے کی وجہ سے ملک کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ دنیا نیوز اخبار کے مطابق نئی ٹیرف پالیسی کے باعث پاکستان پوسٹ کی امریکہ کو ڈاک کی ترسیل بند ہوچکی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے کھیلوں کے سامان اور دیگر اشیاء کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے پوسٹ کے ذریعے پارسل اور ڈاک کی ترسیل کے لحاظ سے امریکہ دس بڑے ممالک میں شامل ہے، تاہم نئی ٹیکس پالیسی کے بعد فی الحال مستقبل قریب میں امریکہ کے لیے پوسٹل سروس کی بحالی کا امکان نظر نہیں آ رہا اور ترسیل بند ہونے کی وجہ سے پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں بھی کمی ہوگی۔
پوسٹ آفس حکام نے بتایا کہ امریکہ نے پارسل پر کم از کم 100 ڈالر مقرر کیے ہیں اور ایڈوانس ادائیگی کی شرط بھی عائد کی ہے جس کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنے والی کارگو کمپنیوں پر جرمانے عائد ہوں گے، اس شرط کے بعد ایئرلائنز اور کارگو سروس کمپنیوں نے پاکستان سمیت 70 سے زیادہ ممالک کے لیے ڈاک اور پارسل سروس بند کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں