علی امین گنڈاپور کی اچانک عمران خان سے طویل ملاقات کروادی گئی

راولپنڈی : وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی اچانک پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کروادی گئی۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کی سابق وزیراعظم عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات ہوئی ہے، جس میں ممکنہ طور پر سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور صوبائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات کیلئے علی امین گنڈا پور صبح 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کی عمران خان سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کروائی گئی، یہ ملاقات دو گھنٹوں پر محیط رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے عمران خان کو اپنے صوبے کی گورننس سے متعلق مسائل اور صوبے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی، اس دوران انہوں نے پارٹی کے بانی چیئرمین کی خیریت بھی دریافت کی جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی پالیسیوں، عوامی ریلیف کے اقدامات اور تنظیمی معاملات پر گائیڈ لائنز دی گئیں۔
ادھر وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے، ان کے وکیل کے عدالت میں پیش ہونے پر علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے گئے، اسلام آباد کی مقامی عدالت کی طرف سے پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف آڈیو لیک کیس میں نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں