سو فیصد میرٹ پر تعیناتیاں ہورہی ہیں، کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سو فیصد میرٹ پر تعیناتیاں ہورہی ہیں جبکہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ حکمران کا ہر فیصلہ عوام کی زندگی پر اثرانداز ہوتا ہے، گڈ گورننس کا بنیادی اصول احسان اور خدمت ہے۔ مریم نوازسے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کا خیر مقدم کیا اور وفد کو پنجاب حکومت کے تاریخی اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ای ٹینڈرنگ کے ذریعے مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ وطن دھرتی ماں کی طرح ہے، اس سے بے وفائی ناقابل برداشت ہے، پنجاب میں اب سیاسی تعیناتیاں اور اقرباپروری ختم ہو چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، سیلاب کے دوران سب سے بڑا انخلاء آپریشن مکمل کیا گیا اور سیلاب متاثرین کی نشاندہی کیلئے تھرمل امیجنگ ڈرونز کامیابی سے استعمال کیے گئے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی زراعت کو پہلی بار میکانائزیشن کی راہ پر ڈالا جا رہا ہے، کینسر کے مریضوں کیلئے جدید کوابلیشن مشین سے علاج ممکن بنایا جا رہا ہے جبکہ سموگ سے بچاؤ کیلئے 15 سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں