اسلام آباد :امریکی جریدے بلومبرگ نے پاکستان کو دوسری ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیدیا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دنیا بھر میں سب سے تیزی سے اپنے دیوالیہ ہونے کے خطرات کم کیا، پاکستان کی معاشی صورتحال میں مسلسل بہتری آرہی ہے اور ملک اس حوالے سے ترکیہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، اس سلسلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور، مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن جیسے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا، ان ممالک میں معاشی حالات یا تو بہتر نہیں یا مزید خراب ہوئے تاہم پاکستان واحد ملک رہا جس نے ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری دکھائی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون 2024ء سے ستمبر 2025ء تک کے عرصہ میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی نمایاں کمی آئی، یہ پاکستان کی پائیدار معاشی بہتری کا ثبوت ہے، یہ بہتری اس بات کی علامت ہے کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، جب کہ پاکستان کے برعکس جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور اور دیگر ممالک میں بہتری بہت کم رہی، مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن میں خطرات مزید بڑھ گئے۔
اسی حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری دکھائی، جون 2024ء سے ستمبر 2025ء کے درمیان پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں تقریباً 2200 پوائنٹس کی کمی ایک بڑی کامیابی ہے، یہ بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، ملک نے قرضوں کی بروقت ادائیگی کی، آئی ایم ایف کے پروگرام پر عمل کیا اور کئی اہم اصلاحات نافذ کیں جن سے عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
بلومبرگ نے پاکستان کو دوسری ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیدیا




