وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ معمہ بن گیا۔
ذرائع وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے کہا کہ ہم نے تو استعفیٰ کل ہی گورنرہاؤس کو بھجوادیا تھا، اب وزیر اعلیٰ کے استعفے پر مزید کارروائی کرنا گورنر ہاؤس کا کام ہے۔
ذرائع گورنرہاؤس نے کہا کہ استعفیٰ کہاں ہے ؟ ہمیں تو کچھ معلوم نہیں، وزیراعلیٰ کا استعفیٰ صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں ہوتا بلکہ یہ سمری کے ذریعے گورنرکو بھیجاجاتاہے۔
ذرائع گورنرہاؤس نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے وزیراعلیٰ کا استعفیٰ کس کو بھیجا گیا ہے، اس کے بارے میں وہی بتاسکتے ہیں، گورنرہاؤس کو جونہی استعفیٰ موصول ہوگا اس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہوئے 12 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن اب تک بھی ان کا استعفی گورنر ہاوس نہ پہنچ سکا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں وزارتِ اعلیٰ چھوڑ رہا ہوں، وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی، استعفیٰ قیادت کے فیصلے پر دیا، جب عہدہ سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کے سنگین چیلنجز سے دوچار تھا۔




