ریاض :وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات ہوئی ہے جس مین تجارت، سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر غور کیا گیا، محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کی خوشحالی اور دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کیلئے سعودی وزیر اعظم و ولی عہد محمد بن سلمان کی ذاتی دلچسپی اور غیر متزلزل حمایت پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میرے لیے باعثِ فخر اور خوشی کی بات تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی، اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دونوں ممالک کی کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں اس تاریخی اور آزمودہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گا، دونوں ممالک اور عوام کی خوشحالی اور قریبی تعاون کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے میں سعودی ولی عہد و وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی اور غیر متزلزل حمایت پر تہہِ دل سے شکر گزار ہیں۔




