اسلام آباد/ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 20 سال بعد ہونے والے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے استعمال کی پیشکش کردی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے جے ای سی کے نویں اجلاس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری و صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ و مواصلات، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں پر بات چیت ہوئی، اجلاس میں دونوں ملکوں کی قومی شپنگ کارپوریشنز کے مابین تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں پاکستان نے چین اور وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی کے لیے بنگلہ دیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بطور گیٹ وے استعمال کرنے کی پیشکش کی، دونوں ملکوں نے سیاحت اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے براہِ راست فضائی رابطے کے قیام پر بھی اتفاق کیا، اجلاس کے دوران پاکستان حلال اتھارٹی اور بنگلہ دیش سٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، اس سے حلال مصنوعات کی سٹینڈرڈائزیشن اور سرٹیفکیشن میں تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کے تحت بنگلہ دیشی طلباء کے لیے 500 نئی مکمل فنڈڈ سکالرشپس کی پیشکش شامل ہے، اجلاس کے دوران تجارت، بحری امور اور آئی ٹی سمیت اہم شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت کا افتتاحی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کے استعمال کی پیشکش کردی




