پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر آج دستخط کریں گے

ریاض :پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آج مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان آج سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے ہی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض میں موجود ہیں۔
تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری، مشترکہ سلامتی، عسکری تعاون اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی مشاورت جاری ہے۔ اسی سلسلے میں مشترکہ دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس پر آج دستخط متوقع ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اس سے قبل بھی اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ موجود ہے، جبکہ کویت نے بھی حالیہ عرصے میں پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
ریاض میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی کے بعد امن کی کوششیں، بحری راستوں کے تحفظ، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کریں گے، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں