حکومت کا 27ویں آئینی ترمیمی بل میں اچانک مزید ترامیم شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے 27ویں آئینی ترمیمی بل میں اچانک مزید ترامیم شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے 27ویں آئینی ترمیمی بل میں مزید ترامیم کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 27ویں آئینی ترمیم میں اضافی ترامیم قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی، اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی اضافی ترامیم الگ فہرست میں موجود ہیں، قومی اسمبلی سے اضافی ترامیم کی منظوری پر بل کو دوبارہ سینیٹ کو بھجوایا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ سینیٹ اجلاس کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا اور یہ اجلاس ایک روز قبل طلب کیا گیا ہے، جس کے باعث اب سینیٹ اجلاس آج شام پانچ بجے بلا لیا گیا، جب کہ حکومتی ذرائع نے 27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم لائے جانے کی تصدیق کی ہے، اپوزیشن کی گیارہ ترامیم بھی ایجنڈے میں شامل ہیں، حکومت اضافی ترمیم کی منظوری کابینہ سے لےگی اِسی لئے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا جس میں 27 ویں آئینی ترمیم آج منظور ہونے کا قوی امکان ہے جہاں 27 ویں آئینی ترمیم پر گزشتہ روز سے بحث جاری ہے، اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے بل کی آج شق وار منظوری دی جائے گی، یہ بل گزشتہ روز ایوانِ زیریں میں پیش کیا گیا تھا، حکومت کو ترمیم منظور کرانے کیلئے 224 ووٹ درکار ہیں اور حکومت کے پاس 237 ارکان کی حمایت موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں