خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ کیا گیا، جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
ایک خودکش بمبار نے اپنے آپ کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا۔ جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ فورسز نے فوراً آپریشن کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
فورسز کے آپریشن میں 3 ایف سی اہل کار شہید اور 2 زخمی ہو ئے ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اداروں کے اہل کار اور ایمبولینسز جائے وقوع پر پہنچیں، جنہوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
قبل ازیں ایس پی کینٹ نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا جب کہ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر اداروں کی نفری کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد کینٹ روڈ سمیت ملحقہ علاقوں کے راستوں کو عوام اور ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔ سی سی پی او میاں سعید کے مطابق ایف سی ہیڈکوارٹر صدر میں حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی، جہاں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں خود آپریشن کو لیڈ کررہا ہوں ۔ دھماکے کے بعد شہر میں بی آر ٹی سروس کو بند کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حملے کے فوراً بعد 6 ایمبولینسز، فائر وہیکل، ڈیزاسٹر وہیکل اور 50 سے زائد اہل کار موقع پر پہنچے۔ دوسری جانب طبی ذرائع نے بتایا کہ 11 زخمیوں کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تسلی بخش ہے، جن میں ایف سی اہلکار اور عام شہری دونوں شامل ہیں جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔




