حکومت کا سپریم کورٹ کے ججز کی طے شدہ آسامیاں کم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد :وفاقی حکومت کی جانب کے سپریم کورٹ کے ججز کی طے شدہ آسامیاں کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہونے پر پہلے حکومت نے سپریم کورٹ میں ججوں کی آسامیوں کی تعداد بڑھاتے ہوئے 34 کردی تھیں جس میں سے آئینی بنچ بنا کر آئینی کیسز علیحدہ کیے گئے لیکن اب 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت ملک کی پہلی وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جو فی الحال 7ججز پر مشتمل ہے جس کے بعد سپریم کورٹ میں زیر التوا 56 ہزار مقدمات میں سے 22 ہزار مقدمات آئینی عدالت کو منتقل کردیئے گئے۔

حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 34 ہزار کے قریب مقدمات زیر التواء ہیں اس لیے اب سپریم کورٹ اتنی بڑی تعداد میں ججز کی ضرورت نہیں رہی، جس کے باعث وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں ججز کی طے شدہ آسامیوں کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سپریم کورٹ نمبر آف ججز ایکٹ 1997ء میں ترمیم کی جائے گی یا صدارتی آرڈیننس کے تحت اسے کم کیا جائے گا۔
اس ضمن میں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 سے کم کرکے 19 کیے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے ممبر جوڈیشل کمیشن احسن بھون کا مؤقف ہے کہ حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے ججوں کی طے شدہ آسامیوں کم کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے، حکومت کو ججز کی تعداد سے متعلق فوری اقدامات فوری کرنا چاہئیں جس سے حکومت کے مالی بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔

دوسری طرف وفاقی آئینی عدالت میں خالی آسامیاں پر کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے تحت وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے 200 خالی آسامیوں کو پر کرنے کی منظوری دی ہے، گریڈ 2 سے لے کر گریڈ 22 تک کی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے، علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت کی چاروں صوبوں میں رجسٹریاں قائم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔
جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں صوبائی رجسٹریاں قائم کی جائیں گی تاکہ عوام کو اپنے صوبوں میں ہی آئینی نوعیت کے مقدمات دائر کرنے کی سہولت حاصل ہو سکے، اسی طرح آئینی عدالت میں ویڈیو لنک سہولت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، آئینی عدالت ابھی ٹرانزیشن کے مرحلہ میں ہے اور بہت جلد مکمل طور پر فعال ہو کر اپنا کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں