سڈنی بیچ حملے میں ملوث بھارتی حملہ آوروں کے فلپائن میں عسکری تربیت حاصل کرنے کا انکشاف

سڈنی : سڈنی بیچ حملے میں ملوث بھارتی حملہ آوروں کے فلپائن میں عسکری تربیت حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائنی حکام نے تصدیق کی ہے کہ سڈنی میں بیچ کے حملہ آوروں میں سے ساجد اکرم نے انڈین اور بیٹے نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر منیلا کا سفر کیا، اس حوالے سے فلپائن امیگریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’50 سالہ ساجد اکرم اور 24 سالہ نوید اکرم یکم نومبر 2025ء کو سڈنی سے فلپائن پہنچے تھے، فلپائن میں دونوں نے داواؤ شہر میں قیام کیا اور باپ بیٹا 28 نومبر 2025ء کو منیلا سے سڈنی واپس روانہ ہوئے‘، فلپائن کی وزارت دفاع کے ترجمان آرسینیو اینڈولونگ نے بتایا ہے کہ فلپائنی پولیس بونڈائی ساحل پر ہونے والی فائرنگ سے قبل دونوں حملہ آوروں کے فلپائن کے دورے کے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور شخص نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا، آسٹریلوی پولیس حملہ آوروں کے فلپائن کے سفر کا مقصد جاننے کیلئے تحقیقات کررہی ہے کیوں کہ ساجد اکرم اور نوید اکرم نے فلپائن میں فوجی طرز کی تربیت حاصل کی تھی اور سڈنی میں حملہ داعش سے متاثر ہوکر کیا گیا، 2019ء میں نوید اکرم سے سڈنی میں داعش کے ساتھ رابطوں کے بارے میں تفتیش بھی کی گئی تھی۔
اسی سلسلے میں آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ سڈنی واقعے کا مسلح ملزم نوید اکرم کسی انسدادِ دہشت گردی واچ لسٹ میں شامل نہیں تھا، بظاہر دونوں مسلح افراد کسی بڑے انتہا پسند سیل کا حصہ نہیں تھے، تاہم یہ دونوں مسلح افراد واضح طور پر شدت پسند نظریات سے متاثر تھے، پولیس واقعے میں کسی تیسرے شخص سے تحقیقات نہیں کر رہی، ملزمان کی کار سے متعدد دیسی ساختہ آئی ای ڈیز ملی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں