سڈنی بیچ فائرنگ؛ حملہ آور ساجد اکرم کو بھارتی سفارتخانے سے پاسپورٹ جاری ہونے کا انکشاف

سڈنی : آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈائی بیچ کے حملہ آور ساجد اکرم کو بھارتی سفارتخانے سے پاسپورٹ جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کا مطلب ہے کہ حملے سے متعلق بھارتی سفارتخانے کو پہلے روز سے دہشت گرد کی شناخت کا علم تھا لیکن بھارتی حکام کی جانب سے اس کے باوجود پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے جان بوجھ کر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق سڈنی حملے میں ملوث بھارتی شہری ساجد اکرم اور اس کے بیٹے نوید اکرم کا پاسپورٹ منظر عام پر آچکا ہے، ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانے نے 24 فروری 2022ء کو 10 سال کے لیے جاری کیا تھا، بھارتی سفارتخانے کو پہلے دن سے حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا۔
پاسپورٹ کی منظر عام پر آنے والی تصویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اس پر بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد کا نام لکھا ہوا ہے اور پاسپورٹ کی تاریخ تنسیخ 23 فروری 2032ء درج ہے، یعنی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکام نے جان بوجھ کر حقیقت چھپائی اور اپنے میڈیا کو پاکستان پر الزام تراشی کے لیے وقت دیا اور سڈنی حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے گمراہ کن پراپیگنڈہ کیا، جس کے ذریعے بھارتی میڈیا نے حملہ آور کو پاکستانی شہری قرار دینے کی کوشش کی۔

بتایا جارہا ہے کہ بھارت کی اس مذموم کوشش کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا لیکن اگلے ہی روز دنیا پر یہ حقیقت ظاہر ہوگئی کہ سڈنی پر حملہ کرنے والا پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی شہری تھا، آسٹریلیا نے 2020ء میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 2 اہلکاروں کو غیر قانونی سرگرمیوں پر ملک بدر بھی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں