راولپنڈی : چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی امن اور انسداد دہشت گردی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، سٹریٹجک اشتراک اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز شامل تھے، ملاقات کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی ایک بار پھر توثیق ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے بھی نوازا گیا، یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ممتاز عسکری خدمات اور قیادت، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، سٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا، یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں مسلسل تعاون کے لیے ان کی خدمات کا بھی عکاس ہے۔
فیلڈ مارشل اور سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، دہشتگردی کیخلاف تعاون پر اتفاق




