پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی اگر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو حکومت تیار ہے، وزیراعظم

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی جو بات کررہے ہیں اگر وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو حکومت تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو ڈائیلاگ کی آفر کی، اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ آج کل پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں، اگر وہ سنجیدہ ہیں تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ میں اسمبلی میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ اگر پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومت بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ بات نہیں ہو سکتی، جو جائز معاملات ہیں صرف ان کی روشنی میں ڈائیلاگ آگے بڑھ سکتا ہے کیوں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مذاکرات کیلئے آمادگی کا اظہار اور ملک میں نئے صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے 8فروری کو عالمی طور پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا، عوام کو متحرک کرنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل د یدی گئی، اس سلسلے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے منعقدہ دو روزہ قومی مشاورتی کانفرنس کے اعلامئے میں کہا گیا کہ جمہوریت کی عمارت شفاف انتخابات پر کھڑی ہے، انتقال اقتدار میں عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے تحریک تحفظ آئین پاکستان نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اور نئے صاف شفاف انتخابات انعقاد کروانے کا مطالبہ کرتی ہے۔
قومی کانفرنس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان ، ان کی اہلیہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے، عمران خان اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتوں پر لگی پابندی فورا ختم کی جائے، صحافی مطیع اللہ، ایمان مزاری، ہادی چٹھہ سمیت دیگر کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، میڈیا کا گلا گھونٹا ،مقدمات بنائے جا رہے ہیں جو قابل مذمت ہے ان جھوٹے مقدمات کو ختم کیا جائے، قومی کانفرنس یہ مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی لائے جائے، لوگوں پر عائد ٹیکسز میں کمی کی جائے، لوگوں کو لاپتا کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، ماہرنگ بلوچ سمیت دیگر کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں