متحدہ عرب امارات کے صدر کے جلد دورہِ پاکستان کا امکان

اسلام آباد :متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نیہان کے جلد دورہِ پاکستان کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نیہان جمعہ کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے، پاکستان پہچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سلامتی پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں شیخ محمد بن زاید آل نیہان کے دورے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، پاکستان پہنچنے پر صدر زرداری کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر کا شاندار استقبال کیا جائے گا، دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوگی، اس کے علاوہ، خطے میں امن و سلامتی اور دفاعی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور خطے میں مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، اس دوران ہونے والی ملاقاتوں اور مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور مستقبل کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں