اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے مزید 1 لاکھ 74 ہزار نان فائلرز کی نئی فہرست تیار کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرست میں گھریلو خواتین بھی شامل ہیں، نئی فہرست میں شامل نان فائلرز دستاویزات کے ساتھ 3 سال کے ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں، جس کے لیے نان فائلرز میں سے زیادہ تر کو نوٹس بھیجے جا چکے ہیں، ایف بی آر نان فائلرز کے شناختی کارڈ کے ذریعے آن لائن اور گھر پر نوٹس بھجوا رہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کے انسداد سمگلنگ کیلئے اقدامات پر پیشرفت اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نےشرکت کی، وزیراعظم نے سمگلنگ کے انسداد کیلئے کامیاب کارروائیوں پر ایف بی آر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے، پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائیوں سے سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آنا قابل ستائش ہے، سمگلنگ کی روک تھام سے متعدد اشیاء اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں، ٹیکس چوری اور سمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے پورے ملک میں کسٹمز کا مربوط نظام نافذ ہے، راہگزر ایپ کے ذریعے پورے ملک میں پٹرول پمپس کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے اور غیر قانونی پمپس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کو نئے پٹرولیم ایکٹ کے تحت غیر قانونی مشینری ضبط کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی دوران نقل و حمل جی پی ایس ٹریکنگ کے لئے نظام نافذ العمل ہو چکا ہے، جولائی سے نومبر 2025 میں پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ روکنے کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات میں 82 فیصد اضافہ ہوا ،اس کے علاوہ گزشتہ پانچ ماہ میں سگریٹ، ٹائرز، کپڑے، الیکٹرانکس اور متعدد دیگر مصنوعات کی غیر قانون سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں محصولات میں بھی اضافہ ہوا ۔
ایف بی آر نے 1 لاکھ 74 ہزار نان فائلرز کی نئی لسٹ تیار کرلی




