کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا دیکھی جارہی ہے جہاں 100 انڈیکس ایک لاکھ 81 ہزار کی حد عبور کر گیا۔ اطلاعات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پہلے ہی روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں انتہائی مثبت رجحان دیکھنے کو ملا اور ایک موقع پر انڈیکس ایک لاکھ 81 ہزار کی حد عبور کر گیا جو اب تک کی ریکارڈ بلندی ہے، اس تیزی کے نتیجے میں پی ایس ایکس 100 انڈیکس 2 ہزار 100 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 81 ہزار 135 پر ٹریڈ کرنے لگا۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی انڈیکس میں 2600 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 79 ہزار 34 پر بند ہوا تھا جب کہ نئے سال کے آغاز پر بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا اور کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔
مزید یہ کہ جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 ہزار 530 سے زائد پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 75 ہزار 584 پوائنٹس کی اس وقت کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جب کہ گزشتہ سال کے آغری کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 418 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 54 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، معاشی اشاریوں میں بہتری اور مختلف شعبوں خصوصاً بینکنگ، توانائی، تیل و گیس اور صنعتی شعبوں میں خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا، حالیہ مثبت پیش رفت سے ناصرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں مارکیٹ کے لیے مزید استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس ایک لاکھ 81 ہزار کی سطح عبور کرگیا




