وینزویلا کے صدر کا امریکی عدالت میں الزامات تسلیم کرنے سے انکار

نیویارک: وینزویلا کے صدر کا امریکی عدالت میں الزامات تسلیم کرنے سے انکار ، امریکی عدالت میں کہا کہ میں اب بھی اپنے ملک کا صدر اور مہذب آدمی ہوں، مجھے اغوا کیا گیا، یہاں جن باتوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے کسی کا بھی میں قصوروار نہیں ہوں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے اغوا کیے گئے وینزویلا کے صدر کو پیر کے روز امریکی شہری نیویارک کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
وینزویلا کے صدر کے ساتھ ان کی اہلیہ کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک کے علاقے بروکلن سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مین ہیٹن لایا گیا جہاں سے انہیں ایک بکتر بند گاڑی میں عدالت منتقل کیا گیا۔ نکولس مادورو کو قیدیوں کا یونیفارم پہنائے اور ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
جج نے مادورو کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے، جن میں منشیات اور دہشت گردی کے الزامات شامل تھے۔

تاہم مادورو نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا میں بے گناہ ہوں، میں اب بھی اپنے ملک کا صدر اور مہذب آدمی ہوں، یہاں جن باتوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے کسی کا بھی میں قصوروار نہیں ہوں، مجھے اغوا کیا گیا ہے۔ وینزویلا کے صدر کی اہلیہ نے بھی خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا گیا جس کے بعد نیویارک کی عدالت کے جج نے مادورو اور ان کی اہلیہ کو 17 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کے حکم پر امریکی فوج نے خصوصی آپریشن میں گزشتہ ہفتے کے روز وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو وینزویلا کے دارالحکومت سے اغوا کر کے امریکا منتقل کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں