اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے فی یونٹ بجلی 93 پیسے سستی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے فی یونٹ بجلی 93 پیسے سستی کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی کی گئی ہے جس کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا تاہم لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کی منظوری دیدی گئی، بجلی صارفین کو جس کا فائدہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس لیوی سے حاصل ہونے والا فائدہ بجلی صارفین کو منتقل کیا جائے گا، کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کا فیصلہ آئی ایم ایف کی شرط کے تحت نافذ کی جا رہی ہے، اس لیوی سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی مرحلہ وار عائد کی جائے گی، ابتدائی طور پر فوری طور پر 5 فیصد لیوی نافذ کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں لیوی بڑھا کر 10 فیصد کرنے کی پلاننگ ہے، اس کے بعد فروری میں لیوی کی شرح 15 فیصد اور اگست میں 20 فیصد تک پہنچ جائے گی، منصوبے کے تحت صارفین کو بجلی کا ریلیف ماہانہ بنیادوں پر دیا جائے گا، لیوی کی رقم کا فائدہ دو ماہ کے وقفے سے منتقل کرنے کا پلان بھی تیار کرلیا گیا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیوی کی شرح میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی صارفین کے لیے مزید ریلیف متوقع ہے اور اس لیوی کے ذریعے بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی، کیپٹو پاور پلانٹس کی طرف سے لیوی ادا نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی، ڈیفالٹ کرنے والے کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت ان کی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کا اختیار بھی استعمال کرے گی۔
بجلی 93 پیسے فی یونٹ سستی‘ نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا




