واشنگٹن :امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے خود کو ’Acting President of Venezuela‘ یعنی وینزویلا کا عبوری صدر قرار دیا ہے، مزکورہ پوسٹ میں ان کی سرکاری تصویر کے ساتھ تحریر کیا گیا کہ جنوری 2026ء سے وہ وینزویلا کے عبوری صدر ہیں، اس کے ساتھ ہی انہیں امریکہ کے 45واں اور 47واں صدر بھی ظاہر کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل کی بنیاد پر امریکہ کو ہونے والی آمدنی کے تحفظ کے لیے ایک ہنگامی حکمنامے پر بھی دستخط کر دیئے ہیں، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کیے جانے کے امریکی صدر کے حکم پر عمل کے بعد یہ بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے ہنگامی حکمنامے پر دستخط کرکے امریکی دولت کے تحفظ کا اقدام کرنےکی راہ ہموار کردی۔
معلوم ہوا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے اس جاری کردہ حکمنامے کے ساتھ دیگر صفحات بھی منسلک کیے ہیں جب کہ یہ اقدام صدر ٹرمپ نے امریکی آئل کمپنیوں کے انتظامی عہدے داروں کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی اس ملاقات میں امریکی آئل کمپنی ایگزون موبل کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ جب تک اصلاحات نہیں کی جاتیں وینزویلا سرمایہ کاری کے قابل حالات والا ملک نہیں ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ایگزون اور کونوکو فلپس نامی امریکی کمپنیوں نے 2007ء میں وینزویلا کے اس وقت کے صدر ہوگو شاویز کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا تھا اور ہوگو شاویز نے امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کے حصص وینزویلا کے قبضے میں لے لیے تھے، تب سے یہ امریکی کمپنیاں وینزویلا سے اپنا سرمایہ واپس لینے کی کوشش کر رہی ہیں، اس وقت امریکہ کی جس واحد کمپنی کو وینزویلا میں آئل کمپنی کے طور پر کام کا لائسنس میسر ہے وہ شیوران ہے۔




