بنوں : صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ بنوں میں امن کمیٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بنوں میں ہوید کے علاقے میں امن کمیٹی ممبران پردہشتگردوں نے فائرنگ کی، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امن کمیٹی کے ممبران گلبدین لنڈائی ڈاک میں جرگے سے واپس آرہے تھے کہ اس دوران گھات لگائے دہشتگردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی گئیں جب کہ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی میں امن لشکر پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ایس ڈی پی او اورکزئی محبوب خان نے بتایا کہ اورکزئی کے علاقے یخ کنڈاؤ میں امن لشکر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، امن لشکر پر حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، امن لشکر کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری طرف ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر حملوں کے نتیجے میں بکتر بند آئی ای ڈی دھماکے میں تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے، ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کی اے پی سی بکتر بند گاڑی پر آئی ڈی بم حملہ کیا گیا، یہ دھماکہ ٹانک کے علاقے کوٹ ولی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس کی بکتربند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہل کار شہید ہوگئے۔




