گل پلازہ میں لگی آگ پر 33 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی

کراچی : صوبہ سندھ کے دارالحکومت گل پلازہ میں لگی آگ پر 33 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، تاہم آتشزدگی کے اس واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو 33 گھنٹے بعد مکمل طورپربجھادیا گیا ہے، آگ پر قابو پانے کے بعد فائر فائٹرز پلازہ کے اندر داخل ہوئے، جلی ہوئی دکانوں میں محدود پیمانے کا سرچ آپریشن کیا گیا ، سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، اس دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضاء ملے جنہیں سول ہسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا، اس کے ساتھ ہی جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی، اس واقعے میں 22 افراد زخمی بتائے گئے ہیں، عمارت میں اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لوگ بے بسی کی تصویر بنے جلتی ہوئی عمارت کے باہر کھڑے اپنے پیاروں کی راہ تکتے رہے، پولیس نے اہل خانہ سے لاپتہ افراد کے موبائل فون نمبر حاصل کیے ہیں، 20 سے زائد افراد کی لوکیشن گل پلازہ کی آئی، پلازہ کی تیسری منزل پر پھنسے شخص کی موجودگی کے امکان پر ریسکیو آپریشن کیا گیا مگر وہاں سے کوئی نہ ملا، ریسکیو آپریشن میں کٹرکی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا گیا اور ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا گیا، آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں جن میں متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کرکے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کی تازہ صورتحال دریافت کی، صدر مملکت نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو امدادی کاموں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی، صدر مملکت نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہتے ہوئے اسے سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا کہا، انہوں نے زخمیوں کی نگہداشت اور متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کردی۔
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کیا، اس کے علاوہ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں