مری میں مسلسل برفباری، سیاحوں کا داخلہ بند، متعدد گاڑیاں پھنس گئیں

مری: ملکہ کوہسار مری میں مسلسل برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا اور برف ہٹانے کے لیے عملہ اور مشینری طلب کر لی گئی ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق مری میں ملکۂ کوہسار میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ برفانی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کے مری میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، تاہم بالائی اور مضافاتی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہے، متعدد سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔ ایبٹ آباد میں بھی گلیات میں برفباری کے باعث مری روڈ بند کر دی گئی ہے، پولیس نے ہر نوکے مقام پر ناکہ لگا کر سیاحوں کو نتھیاگلی جانے سے روکا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے برف ہٹانے کے لیے عملہ اور مشینری طلب کر لی ہے۔
مری روڈ پر ٹریفک پولیس اور ریسکیو کے اہلکار پھنسے سیاحوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ برفباری کا یہ سلسلہ جمعہ کی شام تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں