وزیرِاعظم نے امن و امان کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت کا تعاون ناگزیر قرار دے دیا

اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت کا تعاون ناگزیر قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیرِ اعظم نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا، شہباز شریف نے صوبے میں امن و امان کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا, وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے، وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی، خیبرپختونخواہ میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانی چاہئیے، صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخواہ کے عوام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ کے عوام کی بہتری کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، خیبر پختونخواہ وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی، قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے، وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں