عمران خان کی گرفتاری کو 3 سال ہونے پر لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج، متعدد کارکن گرفتار

لاہور :پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہونے پر لاہور میں پارٹی کی جانب سے احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس نے مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، ایوانِ عدل کے اطراف اور دیگر علاقوں میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی۔

اطلاعات کے مطابق احتجاج کے دوران ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وکلاء نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں جانے سے روک دیا، تاہم پولیس نے ایوانِ عدل کے باہر سے پی ٹی آئی کارکنوں اور وکلا کو حراست میں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا، پولیس نے کارروائی کے دوران رکن پنجاب اسمبلی عمر ورک سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

بتایا گیا ہے کہ مبین عارف جٹ ایم این اے، احمر رشید بھٹی ایم پی اے اور اویس ورک ایم پی اے بھی موقع پر موجود تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا، لاہور بھر میں پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنوں کو مختلف مقامات سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں، ادھر پی ٹی آئی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک صحافی بھی پولیس کارروائی کی زد میں آ گیا، آج ٹی وی کے کورٹ رپورٹر ناطق ریحان کو پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے حراست میں لیا، متعدد اہلکاروں کی جانب سے ان پر تشدد کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں