بنوں:صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں نے پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا، جرات مندانہ کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا، اس کے علاوہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہی کا ایک اور بڑا منصوبہ بھی ناکام بنادیا۔ پولیس کے مطابق پولیس وین پر حملے کا واقعہ کمپنی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں ڈومیل پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی کہ اس دوران گھات لگائے دہشتگردوں نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران شدید جھڑپ جاری رہی جس کے نتیجے میں 2 خوارج مارے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پو اے پی سی، کوئیک رسپانس فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے 2 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں قانونی کارروائی کے لیے کے جی این ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ بنوں میں ہی تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں ایک سلنڈر میں نصب 5 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کیا گیا، جس کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر کامیابی سے ناکارہ بنا دیا، برآمد ہونے والا بارودی مواد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے نصب کیا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
بنوں میں پولیس وین پر حملہ پسپا، 2 دہشتگرد ہلاک




