بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ ون مکمل، 216 دہشت گرد مارے گئے

راولپنڈی :سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف رد الفتنہ ون آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، اس دوران بھارتی حمایت یافتہ 216 دہشت گرد مارے گئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطاق بلوچستان میں عورتوں بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے گئے، 29 جنوری کو پنجگور اور ہرنائی کے مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر کارروائیاں کیں جس سے بھارت کے ساتھ روابط میں موجود 41 دہشت گرد مارے گئے۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ بہادر سکیورٹی فورسز کی جارحانہ اور ثابت قدم کارروائیوں نے فتنہ الہندستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی مایوس کن کوششوں کو مؤثر طور پر ناکام بنا دیا، اس کے بعد متعدد علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں شروع کی گئیں جن میں مسلسل سرچ اور کلیئرنس آپریشنز شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ محتاط منصوبہ بندی، قابلِ عمل انٹیلی جنس اور مربوط مشترکہ کارروائی کے ذریعے پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے آپریشن ردالفتنہ ون کے تحت نہایت درستی اور عزم کے ساتھ کارروائی کی، ان مربوط جھڑپوں اور بعد ازاں کلیئرنس آپریشنز کے نتیجے میں 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جس سے دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
بتایا گیا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران غیر ملکی ساختہ ہتھیاروں، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر آلات کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان شدت پسند عناصر کو بیرونی سطح پر منظم سہولت کاری اور لاجسٹک مدد حاصل تھی، دہشت گردوں کے حملوں میں 36 بے گناہ شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں وہ شہادت کے درجے پر فائز ہوئے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 22 بہادر اہلکاروں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم خدمت کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں