اسلام آباد: قازقستان کے ایلامن گروپ نے گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے منصوبوں میں فوری طور پر بیس ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے قازقستان کے ایلامن گروپ کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، بالخصوص گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کے معدنی شعبے میں ان کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ایلامن گروپ نے گلگت بلتستان میں پلیسر سونے کی کان کنی کے منصوبوں میں فوری طور پر بیس ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ آئندہ مراحل میں مزید سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔
وفد نے بتایا کہ وہ گلگت بلتستان کے علاقے میں پہلے ہی ابتدائی مطالعات مکمل کر چکا ہے اور وہاں پلیسر سونے کی تلاش اور ترقی کیلئے نمایاں صلاحیت موجود ہے۔
وفد نے اپنے چینی شراکت داروں کے تعاون سے جدید کان کنی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا جس کا مقصد موثر، پائیدار اور ماحول دوست کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری اول ذوالفقار علی کے ہمراہ وفد کو وفاقی اور صوبائی سطح پر مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی، جس میں ضابطہ جاتی معاونت، متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ون ونڈو نظام کے تحت معاونت شامل ہے۔




