اسلام آباد :پاکستان اور ایران کی طرف سے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِخزانہ محمداورنگزیب سے ایرانی ہم منصب علی مدنی زادہ نے ملاقات کی، پاکستان اور ایران کے وزرائے خزانہ کی ملاقات دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی جہاں فریقین نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا، اس دوران تجارتی رکاوٹیں دور کرنےاور سہولتیں بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی گئی ہے، ملاقات میں اس حوالے سے پاکستان نے ایران کی تجاویز کا خیرمقدم کیا، ایرانی وزیرخزانہ علی مدنی زادہ نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو دورہ ایران کی دعوت دی جب کہ وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے بھی ایرانی ہم منصب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیدی۔
دوسری طرف پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت میں تنوع اور روایتی شعبوں سے تعاون بڑھانے پر اتفاق اور معدنیات اور مائننگ کو سرمایہ کاری کےلئے نئی ترجیح قرار دیا گیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کینیڈا کے وزیرِ بین الاقوامی تجارت منیندر سدھو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور زرعی تجارت کے فروغ کے لیے کینولا شپمنٹس کی بحالی کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے پاکستانی فیصلے پر کینولا کی برآمدات کی بحالی کو سراہا گیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا، اس موقع پر تجارت میں تنوع اور روایتی شعبوں سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،پاکستان نے ٹیکسٹائل، لیدر، زرعی مصنوعات، سرجیکل آلات اور سپورٹس گڈز میں برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا، ویلیو ایڈڈ فوڈ پروسیسنگ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان کا ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق




