لاہور : صوبہ پنجاب میں طلباء اور سکولوں کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن سکولز پنجاب قیصر رشید کی جانب سے پنجاب بھر کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈی ای اوز سیکنڈری ایجوکیشن، تمام سربراہان ادارہ ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں کو ایک مراسلہ جاری کردیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور خطے میں جنگ جیسی صورتحال چل رہی ہے تو آئیے ہم سب مل کر اپنے بچوں کو محفوظ کریں، اس تناظر میں حکومت پنجاب، محکمہ داخلہ پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے بچوں اور سکولوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیلئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت صبح کی اسمبلی تاحکم ثانی معطل رہے گی، تمام سکولز میں سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل کرنا فوری ضروری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اپنے اپنے اضلاع میں این ایس بی سکولز کو ریلیز کروانے کا اہتمام کریں، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بقیہ قسطوں کے فوری اجراء کا بندو بست کر رہا ہے، سکیورٹی گارڈ کا بندو بست فوری کریں، جن سکولز میں موجود ہیں ان کی ڈیوٹی گیٹ اور اطراف پر فوری لگائیں، اساتذہ کی ڈیوٹی بھی اس کام کے لیے لگائی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پنجاب سیف سٹی ایپ کو ہر ٹیچر نے اینڈرائیڈ فون پر ڈاؤن لوڈ کیا ہے، جو پلے سٹور پر مفت دستیاب ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سکولز کے مین گیٹ تعلیمی اوقات کار میں کھلے نہ ہوں، اپنے اپنے سکولز میں ایمرجنسی ڈرلز کروائیں، خارجی راستوں کا سب کے علم میں ہو، بچوں سے بار بار ڈرلز کروائیں اور ان کو آ گاہی دیں، ہائی سکولز کے بچوں کو کسی بھی احتجاج میں شریک نہ ہونے دیں، دوران معائنہ بچوں کے تعلیمی معیار کی انسپکشن نہ بھولیں، نئے داخلوں کی ہدایات بھی دیں اور ساتھ ساتھ ایس آئی ایس پر اندراج یقینی بنائیں، تمام ڈائریکٹرز، ڈی ای اوز میدان عمل میں صبح سویرے نکل پڑیں، عمل در آمد رپورٹس معہ تصاویر روزانہ کی بنیاد پر بھجوائیں اور اپنے اپنے سی ای اوز کو ساتھ ساتھ مطلع کریں۔
جنگی صورتحال؛ پنجاب میں طلباء اور سکولز کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات کی ہدایات




