لاہور :صوبہ پنجاب میں مفت سرکاری سفری سہولت سے فائدہ اٹھانے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ 5 روز کے دوران تقریباً 50 لاکھ مسافروں نے مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا کیوں کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروسز میں مسافروں نے غیرمعمولی دلچسپی دکھائی، سپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے مفت سفر کیا اور 5 روز کے دوران مفت سفر حاصل کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ میں برایا گیا ہے کہ 8 اپریل کو ایک دن میں 11 لاکھ 40 ہزار مسافروں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی، 4 اپریل سے 8 اپریل تک مجموعی طور پر 47 لاکھ 96 ہزار سے زائد مسافروں نے فری سفری سہولت کا فائدہ اٹھایا، اورنج لائن میٹرو ٹرین سے تقریباً 15 لاکھ 26 ہزار مسافروں نے سفر کیا، لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً 8 لاکھ مسافر مستفید ہوئے، سپیڈو بسز سے 7 لاکھ سے زائد مسافروں نے فری سفر کیا۔
رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں گرین الیکٹرک بسوں سے 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد مسافروں نے فائدہ اٹھایا، راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریباً 2 لاکھ مسافر مستفید ہوئے، پاکستان میٹرو بس سروس سے تقریباً 8 لاکھ مسافروں نے فائدہ اٹھایا، اسی طرح ملتان میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا جہان فیڈر روٹس سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے، مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں 11 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ افسران سے کہا ہے کہ مسافروں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شکایات فوری دور کریں، عوامی سہولت کے لیے ملتان میں 35، سیالکوٹ میں 30 اور گجرانوالہ میں مزید 35 فری بسیں چلائی گئی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد نجی ٹرانسپورٹ کرایوں کو بھی فوری طور پر کم کروایا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، تب تک وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مفت سفر کی سہولت مسلسل جاری رہے گی اور لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
5 دن میں 50 لاکھ مسافروں کا سفر، مفت سرکاری سفری سہولت سے فائدہ اٹھانے کا ریکارڈ قائم




