امن کیلئے پاکستان کی سفارتکاری؛ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کا ایک اور ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد : پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پیر کے روز وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب کو خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور استحکام کی خاطر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، موجودہ عالمی و علاقائی حالات میں مکالمہ اور سفارت کاری ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے دیرپا امن کا حصول ممکن ہے”، جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فریقین کے درمیان مخلصانہ ثالثی اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا اور سفارتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں تناؤ دیکھا جارہا ہے اور فریقین کی جانب سے سخت بیانات کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان عالمی سطح پر امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کو کم کرنے کے لیے ایک اہم سفارتی پل کے طور پر ابھرا ہے، اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان یہ گفتگو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ تہران اور اسلام آباد خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچانے کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں