واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ کے حامی نہیں لیکن ضرورت پڑنے پر امریکہ اپنی پوری عسکری طاقت استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور ایران کے ساتھ جاری تنازعہ پر ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس دنیا کا جدید ترین اسلحہ اور بارود موجود ہے جسے ضرورت پڑنے پر بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے گا، ہم نے ایران کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اب تک ایران کے 159 جہاز سمندر برد کیے جا چکے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں ایران سے جنگ کی حمایت نہیں کرتا، مجھے جنگیں پسند نہیں۔ میرا خیال ہے کہ ایران اب امن مذاکرات میں کافی حد تک لچکدار ہو گیا ہے لیکن اگر ایران نے اپنی روش نہ بدلی تو اسے ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جس کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا، اگر ایران نے ‘پراجیکٹ فریڈم’ کے تحت کام کرنے والے امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں موجود امریکی اڈے جدید ترین ساز و سامان سے بھرے ہوئے ہیں، امریکہ کے پاس پہلے سے کہیں زیادہ اعلیٰ معیار کا اسلحہ موجود ہے جو کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے کافی ہے، ہم کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، تاہم جیسے ہی یہ جنگ ختم ہوگی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی، جس کا فائدہ پوری دنیا کو ہوگا۔
مجھے جنگیں پسند نہیں، ایران سے جنگ کی حمایت نہیں کرتا، ٹرمپ




