اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں سویلین انفراسٹرکچر پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اماراتی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے لکھا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے اماراتی بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔
وزیرِ اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے اماراتی بھائیوں، بہنوں اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ ہے، پاکستان نے ہمیشہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و امان کی حمایت کی ہے، یہ انتہائی ضروری ہے کہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے اور اس کا احترام کیا جائے، جنگ بندی سے ہی وہ ضروری سفارتی ماحول میسر آئے گا جہاں مکالمے کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
وزیرِاعظم کی متحدہ عرب امارات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت




