ثنا یوسف کے قتل میں ملوث ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی گئی، 20 لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد : ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل میں ملوث ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی گئی، اس حوالے سے اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کا فیصلہ سنایا، ملزم عمر حیات کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کے ساتھ 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے لرزہ خیز قتل کیس کا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے مجرم عمر حیات کو سزائے موت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی ہے، وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ منطقی انجام تک پہنچایا، ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، کیس میں استغاثہ نے ملزم عمر حیات کے خلاف جرم ثابت کرنے کے لیے ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پیش کیے۔
بتایا گیا ہے کہ عدالت نے ملزم عمر حیات کو دفعہ 302 کے تحت جرم ثابت ہونے پر پھانسی یعنی سزائے موت سنائی ہے، سزائے موت کے ساتھ ساتھ مجرم پر 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جو عدم ادائیگی کی صورت میں مزید قید کی سزا کا موجب بنے گا، عدالتی فیصلے میں 25 سے زائد گواہان کے بیانات، تفتیشی رپورٹ اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر واضح طور پر عمر حیات کو اس وحشیانہ قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ مجرم نے منصوبہ بندی کے تحت ثنا یوسف کو نشانہ بنایا، جس پر تفتیشی افسر، گاڑی کے ڈرائیور اور دیگر چشم دید گواہوں کی جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے استغاثہ کی سزائے موت کی استدعا منظور کرلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں