سوات ؛ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سوات ایکسپریس وے پر ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں عید کی خوشیاں منانے گھروں کو جانے والے مسافر تیز رفتاری اور غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے، مسافر وین اور بس کے درمیان ہونے والے اس شدید تصادم میں 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر مسافر وین اور بس کے درمیان ہونے والے ایک ہولناک سڑک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے، یہ حادثہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے باعث ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی معمول سے زیادہ تھی۔
موٹر وے پولیس نے حادثے کی ابتدائی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ مکمل طور پر وین ڈرائیور کی سنگین غفلت، لاپرواہی اور حد سے زیادہ تیز رفتاری کی وجہ سے اس وقت پیش آیا، جب ایکسپریس وے کے کنارے ایک مسافر بس کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ہائی ایس وین بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی بس کے پچھلے حصے میں انتہائی زور دار طریقے سے جا گھسی، ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافر بس ملک کے معاشی حب کراچی سے بونیر جا رہی تھی، جبکہ حادثے کا سبب بننے والی مسافر وین راولپنڈی سے لوئر/اپر دیر کی طرف جا رہی تھی، ان گاڑیوں میں زیادہ تر وہ مزدور اور شہری سوار تھے جو عید منانے اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ رہے تھے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
سوات ایکسپریس وے پر تیز رفتار وین سڑک کنارے کھڑی بس سے ٹکرا گئی، 11 مسافر جاں بحق




