بجٹ میں موبائل صارفین پر ٹیکسز میں کمی کی سفارش

اسلام آباد: وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے ملک کے کروڑوں موبائل صارفین اور ٹیلی کام سیکٹر کے لیے ٹیکسز میں کمی سفارشات تیار کرلیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی بجٹ 2026/27ء کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارتِ آئی ٹی نے عام صارفین کو بڑی راحت دینے اور ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی رفتار تیز کرنے کے لیے ایک جامع بجٹ اسٹریٹجی پلان تیار کر کے متعلقہ حکام کو بھجوا دیا، جس میں وزارتِ آئی ٹی نے موبائل صارفین پر لگنے والے بھاری ٹیکسوں کو کم کرنے کے لیے دو بڑی سفارشات پیش کی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ موبائل کارڈز اور بیلنس لوڈ کرانے پر وصول کیے جانے والے 15 فیصد ایڈوانس ٹیکس میں کمی کرنے کی سفارش کی گئی ہے، موبائل سروسز پر عائد 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس میں بھی کمی لانے کی تجویز دی گئی ہے، ان دونوں ٹیکسوں میں کمی کی صورت میں عام شہریوں کو موبائل بیلنس لوڈ کرانے پر پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ٹاک ٹائم اور انٹرنیٹ ڈیٹا میسر آ سکے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت نے انفراسٹرکچر کی سطح پر بھی بڑے ریلیف کی تجاویز دی گئی ہیں، جن میں انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروسز کے لیے استعمال ہونے والے جدید آلات اور سازوسامان کی درآمد پر ڈیوٹی کو نمایاں طور پر کم کرنے کا کہا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر جیسے فائبر آپٹک اور ٹاورز کی تنصیب کی مجموعی لاگت کو کم کرنے کے لیے خصوصی مراعات دینے کی تجیوز ہے تاکہ ٹیلی کام کمپنیاں دور دراز علاقوں تک سستا انٹرنیٹ پہنچا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں