اسلام آباد : راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کے لیے پمز ہسپتال لایا گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ان کی صحت اور جاری طبی طریقہ کار کے حوالے س میڈیکل اپ ڈیٹ جاری کردی۔ پمز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پریس بریف کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ میں نظربند 74 سالہ عمران خان ولد اکرام اللہ خان نیازی کو آج 15 جون 2026ء کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کے لیے پمز ہسپتال لایا گیا جہاں ماہرینِ چشم کی زیرِ نگرانی ان کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کے طبی طریقہ کار سے پہلے عمران خان کے ضروری ٹیسٹ کیے گئے، انجکشن لگانے کے عمل سے قبل ماہرینِ چشم نے عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جس میں وہ طبی طور پر مکمل مستحکم پائے گئے، ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی آنکھ کا آپٹیکل کوہرنس ٹوموگرافی ٹیسٹ کیا گیا، جس کی رپورٹ میں ان کی آنکھ کی حالت میں واضح طبی بہتری دیکھی گئی ہے۔
پریس بریف سے معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے تمام مروجہ طبی پروٹوکولز کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پروسیجر سرانجام دیا، عمران خان کی باقاعدہ آگاہانہ رضامندی حاصل کرنے کے بعد انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا، آپریشن تھیٹر میں تمام معیاری حفاظتی تدابیر اور پروٹوکولز کو اپنایا گیا اور مانیٹرنگ کے دوران سرجنز نے مائیکروسکوپی کی رہنمائی میں ان کی آنکھ میں انٹرا وٹریل انجکشن کی پانچویں خوراک لگائی۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں قیام کے دوران یعنی پروسیجر سے پہلے، آپریشن کے دوران اور اس کے بعد بھی عمران خان کی حالت بالکل مستحکم رہی، یہ طبی عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے انہیں آنکھ کی مزید دیکھ بھال، فالو اپ علاج کے مشوروں اور ضروری طبی دستاویزات کے ساتھ رخصت کیا ہے۔
عمران خان کو پمز ہسپتال لایا گیا، آنکھ کے علاج کا پانچواں مرحلہ مکمل




