لندن : برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا یعنی ہاؤس آف لارڈز میں بحث کے دوران امریکہ ایران معاہدے پر پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ نے امریکہ اور ایران کے درمیان سنگین کشیدگی کو ختم کرانے اور جنگ بندی کی کامیاب سفارتی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی کھل کر تعریف کی ہے، برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز میں عالمی امن کے موضوع پر ہونے والی ایک خصوصی بحث کے دوران اراکین نے پاکستان کی سفارت کاری کو دنیا کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا۔
برطانوی ایوان میں بحث کے دوران متعدد اراکینِ پارلیمنٹ نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے سائے منڈلا رہے تھے، تب خطے میں سفارتی تناؤ کو کم کرنے اور دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے انتہائی مثبت اور اہم ترین کردار ادا کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ہاؤس آف لارڈز میں وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور ان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا، جس کی بدولت ایک بڑی عالمی تباہی کو ٹالا جا سکا، اس موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے سینیئر رکن لارڈ احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کی عالمی خدمات کو منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
لارڈ احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ اس وقت ایوان میں موجود حکومت کے وزیر اور تمام معزز اراکینِ پارلیمنٹ امن کے قیام کے لیے پاکستان کے اس انتہائی اہم اور تاریخی کردار کو کھلے دل سے تسلیم کریں گے، پاکستان اور قطر کی مؤثر معاونت اور سفارت کاری کی وجہ سے ہی آج دنیا امن کے اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے‘، اس کے بعد لارڈ احمد آف ومبلڈن نے باقاعدہ اردو زبان میں کہا کہ “پاکستان کا بہت بہت شکریہ”۔




