ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں 68 روپے کی بڑی کمی کا اعلان

لاہور : ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں بڑی کمی کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے جولائی کیلئےایل پی جی کی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 68 روپے فی کلو گرام کی کمی کر دی جس کے بعد نئی قیمت 241 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔ تاہم دوسری جانب ملک بھر میں کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہیں ہے۔
خاص کر پنجاب بھر میں دکانداروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اور بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو صارفین کی کمر توڑ کر رکھ دی، مارکیٹ میں سرکاری نرخنامے کی کھلی خلاف ورزی عروج پر ہے اور ایل پی جی مافیا انتظامیہ کی ناک کے نیچے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔
مارکیٹ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس سرکاری قیمت کے برعکس صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دکاندار ایل پی جی 480 روپے سے لے کر 500 روپے فی کلو تک کی ہوشربا قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گیس مافیا اور دکانداروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنی مرضی سے روزانہ قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک کا خودساختہ اضافہ کر دیتے ہیں، گیس کی قیمتوں میں اس من مانے اور غیر قانونی اضافے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید ترین معاشی مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ گیس سلنڈر بھروانا اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں