مون سون بارشیں: پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، متعدد مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب

لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ مستحکم رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 2 لاکھ 73 ہزار، 3 لاکھ 13 ہزار اور تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آ رہی ہے اور اب یہ نچلے درجے پر آ چکی ہے۔ خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 20 ہزار، 1 لاکھ 23 ہزار اور 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے، جبکہ مرالہ کے مقام پر پانی معمول کے مطابق ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 60 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تاہم جسڑ، شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر صورتحال معمول پر ہے۔

ادھر وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔ نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 5 ہزار اور بسنتر میں 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا، تاہم دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رکنے سے طغیانی میں کمی آ رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ شہریوں کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے، کشتیوں میں لائف جیکٹس کے استعمال کو یقینی بنانے اور بچوں کو پانی میں نہانے سے روکنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں