آزاد کشمیرالیکشن، 13 حلقوں میں 4 نشستوں پر ن لیگ اور 2 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب قرار

مظفر آباد : آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 13 حلقوں کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔ 13 حلقوں میں 6 کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج آگئے۔ حلقہ ایل اے 2 میرپور 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12904 ووٹ لے کر میدان مارلیا، مدمقابل امیدوار مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری صرف 8182 ووٹ لے سکے۔
حلقہ ایل اے 3 میرپور 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11676 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید نے 9832 ووٹ حاصل کئے۔
اسی طرح حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20172 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد نے 13865 ووٹ حاصل کئے۔

حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 کے تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم ووٹ 31080 لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی نے صرف 28509 ووٹ حاصل کئے۔ حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق (ن) لیگ چوہدری طارق فاروق 35490 ووٹ لےکر کامیاب جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوارالحق 25100 ووٹ لے کرہار گئے۔
حلقہ ایل اے 1 میرپور 1کے تمام 139 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ(ن) کے اظہر صادق 15427 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کے محمد افسر شاہد 9832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1 کے 176 پولنگ اسٹیشنز میں سے 115 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 21573 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 18406 ووٹ کے ساتھ پیچھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں