کوئٹہ کوئٹہ کے قریب سورینج کے علاقے میں واقع کوئلے کی کان میں ہونے والے گیس دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزید 8 کان کنوں کی لاشیں نکال لی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی ہے، جبکہ دیگر مزدوروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق کان میں میتھین گیس کے دھماکے کے باعث مجموعی طور پر 42 کان کن پھنس گئے تھے۔
ریسکیو ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹانے اور زیرِ زمین پھنسے مزدوروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کان کے مالک کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت کان کے اندر 42 مزدور کام کر رہے تھے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ میتھین گیس بھر جانے کے باعث پیش آیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کوئٹہ، سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 34 کان کن جاں بحق




