اسلام آباد : حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد معمولی کمی کا تحفہ دے دیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرانے 4 اگست تک پیٹرول 4 روپے 8 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
دوسری جانب ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امریکی صدر کی جانب سے ایران پر حملے روکنے کے اعلان کے بعد بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت میں تقریباً 5.4 فیصد اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد کی بڑی گراوٹ آئی ہے۔
دی گارڈین کے مطابق دوپہر کے وقت برینٹ کروڈ 5 فیصد کمی کے ساتھ 83.47 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 7.3 فیصد گر کر 81.55 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں بھی 5 فیصد سے زائد کمی ہوئی اور یہ 79.47 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ بین الاقوامی منڈی میں پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافے کا رجحان رہا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کموڈیٹی مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 5.75فیصد اور برینٹ کروڈ کی قیمت میں 4.77 فیصد کی کمی ہوئی اور ڈبلیو ٹی آئی کے ستمبر میں ترسیل کے معاہدے 4.87 ڈالر کی کمی سے 79.80 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ کے اکتوبر میں ترسیل کے معاہدے 4.19ڈالر کی کمی سے 83.74ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔ سونے کے نرخ 2.30ڈالر کے عمومی اضافے سے 4109.30ڈالر فی اونس اور چاندی کے نرخ 0.57اضافے سے 58.36ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے تاہم اجناس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور مئی کے دسمبر کے لئے معاہدے 2ڈالر کی کمی سے 462ڈالر فی بشل اور گندم کے ستمبر کے سودے 1 ڈالر کی کمی سے 638.25ڈالر فی بشل میں طے پائے۔




