سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 3 ماہ تک بجلی فی یونٹ 1 روپے 34 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد : سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صارفین پر 34 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین پر 34 ارب روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مجوزہ اضافے کا اطلاق تین ماہ کے لیے ہوگا، جس کے تحت صارفین کو مسلسل تین ماہ تک ہر ماہ اضافی رقم ادا کرنا پڑسکتی ہے، نیپرا کی جانب سے درخواست اور متعلقہ اعداد و شمار کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
حکام نے کہا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل مختلف عوامل اور تقسیم کار کمپنیوں کے مالی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ نیپرا کی جانب سے مکمل جائزے کے بعد سامنے آئے گا، اگر نیپرا نے مجوزہ درخواست منظور کرلی تو بجلی صارفین کو آئندہ تین ماہ کے دوران فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے تک اضافی ادائیگی کرنا پڑسکتی ہے، جس سے ماہانہ بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں