موسلادھار بارش؛ نالہ لئی میں طغیانی، پانی کی سطح 22 فٹ تک بلند، راولپنڈی میں خطرے کے سائرن بج اٹھے

راولپنڈی/اسلام آباد :راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث نالہ لئی میں شدید طغیانی آ گئی، جہاں نیو کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر پانی کی سطح 22 فٹ تک ریکارڈ کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطباق صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور وسا کی جانب سے خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے اور نالہ لئی کے اطراف قائم آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اسلام آباد کے مختلف علاقوں بشمول سیدپور میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، وسا کی ٹیمیں اور بھاری مشینری ہائی الرٹ پر ہیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام بلا تاخیر جاری ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں طوفانی بارشوں کے باعث میٹرو بس سروس کی چھتیں ٹپکنے کا واقعہ سامنے آیا، جس سے مسافروں کی نشستوں پر پانی جمع ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف سیون، ایف ایٹ اور کھنہ ایسٹ سمیت مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ پنجاب کے دیگر شہروں جیسے گجرات، نارووال، شکرگڑھ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی سڑکیں جل تھل ہو چکی ہیں، جبکہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع صوابی میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے اور نالے زیرِ آب آ گئے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آنے والے دنوں تک جاری رہے گا، اس دوران دریائے سندھ کے کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم دیگر تمام دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال فی الحال معمول کے مطابق کنٹرول میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں